ایڈیلیڈ( این این آئی) آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے امپائر ماریس ایراسمس پاک بھارت اور بنگلہ دیش، بھارت کے درمیان میچ میں متنازعہ فیصلوں کے باعث تنقید کی زد میں آگئے۔گروپ بی میں 23 اکتوبر کو پاک بھارت مقابلے میں متنازعہ
نو بال قرار دینے اور بدھ کے روز کھیلے گئے بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ میں بنگال ٹائیگرز کیخلاف بھی متنازعہ نوبال دینے پر ایک بار پھر آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائر ماریس ایراسمس تنقید کی زد میں ہیں۔بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے بارش سے قبل بغیر کسی نقصان 60رنز بنائے تھے تاہم تیز بارش نے میچ رکوادیا تھا جبکہ بنگال ٹائیگرز اس وقت بھارت کو شکست دینے کے قریب تھے تاہم امپائرز نے گیلی آٹ فیلڈ پر میچ کروانے کا فیصلہ کیا جس پر شکیب الحسن کافی ناراض نظر آئے اور ابتداء میں ہی انکے اہم بیٹر لٹن داس رن آئوٹ کی صورت میں وکٹ گنوابیٹھے جنہوں نے 26 گیندوں پر 60 رنز بنائے تھے۔پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کی بائولنگ کے دوران ویرات کوہلی کی جانب سے امپائر کو اشارہ کیا گیا کہ نوبال قرار دی جائے جس پر انہوں نے تھرڈ امپائر کو فیصلہ دینے کے بجائے نوبال قرار دیدی جس سے مخالف ٹیم کو فائدہ پہنچا۔سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران بھی ماریس ایراسمس نے کوہلی کی جانب سے اشارہ کیے جانے پر نوبال قرار دیدی تھی جبکہ یہاں بھی تھرڈ امپائر سے پوچھنے کی کوشش نہیں کی گئی۔دنیا بھر سے شائقین کرکٹ بھی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اصولوں کے خلاف جا کر بھارت کو دیے جانے والی حمایت پر تنقید کر رہے ہیں۔