اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف اہم میچ سے کچھ گھنٹے قبل جنوبی افریقی بیٹر رائیلی روسو نے ٹوئٹ کی ہے۔ٹوئٹر پر اپنے مصدقہ اکاؤنٹ سے جاری بیان میں رائیلی روسو نے لکھا کہ ‘ آج کچھ اچھے اور پرانے دوستوں کے خلاف بڑی جنگ ہے جو کہ ایک حیرت انگیز تجربہ ثابت ہوگا’۔
افریقی بیٹر نے مداحوں سے میچ کے حوالے سے سوال بھی کیا اور پوچھا ‘آج کے مقابلے میں جنوبی افریقا اور پاکستان میں سے کون فاتح قرار پائے گا؟پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اب سے کچھ دیر بعد سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گی اور میچ جیتنے کی صورت میں پاکستانی ٹیم کی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امید باقی رہے گی تاہم اس کا دارومدار بھارت اور زمبابوے کے درمیان ہونے والے میچ میں اپ سیٹ پر ہو گا۔ذرائع کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے اور فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو پلینگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ محمد حارث بابر اعظم کے ساتھ اوپننگ کے لیے آسکتے ہیں، محمد رضوان بھی پلینگ الیوں میں شامل ہوں گے تاہم وہ نچلے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔یاد رہے کہ آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے محمد حارث کو آج ہی پاکستان اسکواڈ میں شامل کیے جانے کی منظوری دی ہے۔