کراچی (این این آئی)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین محمد اسلم خان فاروقی نے حکیم الامت شاعر مشرق و مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحم اللہ علیہ کے یوم ولادت پر عام تعطیل کے خاتمے کی مذمت کرتے ہوئے
حکومت سے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی یوم اقبال رحم اللہ پر تعطیل کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال رحم اللہ بر صغیر کے مسلمانوں کے وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن کی نشاندہی کی تھی تاکہ مسلمان اس خطہ ارض میں اپنی تہذیب و ثقافت کو فروغ دے سکیں اور دنیا اسلام کی رہنمائی کر سکیں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال رحم اللہ کے تصور پاکستان کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے جبکہ نئی نسل میں علامہ اقبال رحم اللہ کے مسلمانان ہند کو خواب غفلت سے جگا کر تصور پاکستان پیش کرنے کے عظیم کارنامے سے اجاگر کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے تب ہی علامہ اقبال رحم اللہ کے تصور پاکستان کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پاکستان علامہ اقبال رحم اللہ کے تصور کے بلکل بر عکس ہے اور یوم اقبال رحم اللہ پر تعطیل کا خاتمہ فکر اقبال رحم اللہ کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔