لاہور (این این آئی)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کو عہدے سے ہٹانے کی اپیل کی ہے ۔
سرفراز نواز نے اپنے بیان میں رمیز راجا کو پی سی بی جیسا ادارہ چلانے کے لیے نااہل قرار دیا۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زمبابوے جیسی ٹیم سے شرمناک اور حیران کن شکست پر پورا پاکستان مایوس ہے۔سرفراز نواز کے مطابق رمیز راجا نے ڈراپ ان پچز اور
چار ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی تجاویز پر ناسمجھی کا مظاہرہ کیا، چیئرمین پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈیولپمنٹ پروگرام کو نظر انداز کرکے
نئے آنے والے کرکٹرز کا کیرئیر تباہ کردیا۔انہوں نے رمیز راجا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کلب کرکٹ دوبارہ شروع کرنے میں ناکام رہے ہیں
اور انہوں نے کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتخابات کے انعقاد میں بھی کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔اس سے قبل سابق
کرکٹر سکندر بخت نے بھی زمبابوے سے شکست کے بعد رمیز راجا کو عہدے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔