اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں آج دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو باآسانی 42 رنز سے شکست دی اور پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔نجی ٹی و ی جیو نیوز کے مطابقآسٹریلیا نے اپنے 5 میں سے چار میچز کھیل لیے ہیں، دو فتوحات ،
ایک شکست اور ایک بے نتیجہ میچ کے بعد آسٹریلیا کے 5 پوائنٹس ہیں، نیوزی لینڈ کے بھی پانچ پوائنٹس ہیں تاہم وہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پہلی پوزیشن پر ہے۔اس وقت گروپ ون کی صورتحال یہ ہے کہ تمام ہی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکتی ہیں۔آسٹریلیا کو اپنا آخری میچ افغانستان کیخلاف کھیلنا ہے اور فتح کی صورت میں آسٹریلیا سیمی فائنل کا مضبوط امیدوار بن جائے گا۔گروپ ون میں موجود آئرلینڈ کی امیدوں کو آسٹریلیا سے شکست کے بعد دھچکہ لگا ہے تاہم وہ اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ آئرلینڈ کا آخری میچ مضبوط حریف نیوزی لینڈ سے ہے، سیمی فائنل کی امید روشن رکھنے کیلئے آئرلینڈ کو یہ میچ بھاری مارجن سے جیت کر رن ریٹ بہتر کرنا ہوگا اور اس کے بعد اسے دیگر ٹیموں کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔گروپ ون کی اب تک واحد ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ ہے، تین میچز کے بعد وہ 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، آسٹریلیا کیخلاف 89 رنز اور سری لنکا کیخلاف 65 رنز سے کامیابی نے نیوزی لینڈ کا رن ریٹ دیگر ٹیموں سے کافی بہتر کردیا ہے۔ افغانستان کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ ایک قیمتی پوائنٹ سے محروم ضرور ہوا ہے تاہم +3.850 کا رن ریٹ اس کیلئے بونس ہے۔موجودہ صورتحال کی بنیاد پر تجزیہ کریں تو گروپ ون کی تمام ہی ٹیموں کے پاس نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑنے کا موقع موجود ہے لیکن ایسا ہونا بہت ہی مشکل ہے، اگر یہ کہا جائے کہ نیوزی لینڈ اپنا ایک پاؤں سیمی فائنل میں رکھ چکا ہے تو غلط نہ ہوگا
اور انگلینڈ کیخلاف میچ جیت کر کیویز باضابطہ طور پر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کر جائیں گے۔بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گروپ ون کی دوسری ٹاپ ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ ٹاپ پوزیشن کیلئے انگلینڈ بھی مضبوط امیدوار ہے۔آسٹریلیا نے اپنے آخری میچ میں افغانستان کو شکست دے دی
تو اس کے 7 پوائنٹس ہوجائیں گے ایسی صورت میں انگلینڈ کو اپنے دونوں میچز (سری لنکا اور نیوزی لینڈ کیخلاف) جیتنے ہوں گے جس کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کے 7،7 پوائنٹس ہوجائیں گے اور فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔ آسٹریلیا افغانستان سے جیت گیا اور انگلینڈ اپنا ایک بھی میچ ہارا تو انگلینڈ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔ سری لنکا نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
سری لنکا کے اگلے دو میچز افغانستان اور انگلینڈ سے ہیں۔ سری لنکا کو سیمی فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے یہ دونوں میچز بھاری مارجن سے جیتنے ہوں گے تاکہ اگر معاملہ رن ریٹ پر جائے تو انہیں فائدہ ہو۔افغانستان کے اس وقت 3 میچز کے بعد 2 پوائنٹس ہیں اور اس کے اگلے
دو میچز سری لنکا اور آسٹریلیا سے ہیں۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے افغانستان کو نہ صرف دونوں میچز بھاری مارجن سے جیتنے ہوں گے بلکہ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کی بھی دعا کرنی ہوگی۔یکم نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کا نیتجہ گروپ 1 کی پوزیشن کافی حد
تک کلیئر کردے گا۔خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 42 رنز سے شکست دیدی۔برسبین میں کھیلے جا رہے میچ میں آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بلبرنی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جہاں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو جیت کیلئے 180 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں آئر لیںڈ کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
آئر لینڈ کی جانب سے لورسان ٹکر نے 48 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 71 رنز کی شاندار فائٹنگ اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور اس طرح سے پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں آسٹریلیا نے یہ میچ 42 رنز سے جیت لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، ایڈم زامپا، گلین میکسویل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،
مارکس اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔44 گیندوں پر 63 کی زبردست اننگز کھیلنے پر کپتان ارون فنچ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔قبل ازیں آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور ڈیوڈ وارنر صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے گئے تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے کھلاڑیوں نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔
کپتان ارون فنچ کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے مچل مارش نے 22 رنز بنائے جب کہ دوسرے اینڈ سے ارون فنچ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 44 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ، گلین میکسویل 13 اور مارکس اسٹوئنس 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ٹم ڈیوڈ 15 اور میتھیو ویڈ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح سے آسٹریلیا نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے اور یوں آئر لینڈ کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا۔آئر لینڈ کی جانب سے بیری میک کارتھی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی رہا دکھائی جب کہ جوش لٹل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔