لاہور ( این این آئی) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ حقیقی آزادی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی ملک سے فرار ہو جائیں گے اور 25 مئی کو تحریک انصاف نے سبق سیکھا تھا مگر اس دفعہ پی ٹی آئی رانا ثنا ء اللہ اور امپورٹڈ حکومت کو سبق سیکھائے گی،راولپنڈی کے عوام بیتابی سے
عمران خان کا فقیدالمثال استقبال کرنے کیلئے انتظار کر رہے ہیں کیونکہ عمران خان اپنے بیٹے کو وزیر اعظم بنانے کیلئے نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے سڑکوں پر نکلے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے رحمن آباد، مری روڈ پر قائم ‘حقیقی آزادی کیمپ’ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عوام محسوس کرتے ہیں کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو پریس کانفرنس نہیں کرنی چاہیے تھی، عوام اور جنکی فیملیز آرمی میں موجود ہیں وہ جانتے کہ ملازمت میں تاحیات توسیع نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی وجہ سے ملکی سالمیت خطرے میں ہے اور وقت آ چکا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو اب بوریا بسترا سمیٹنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس نکمی اور نکھٹو حکومت نے عوام سے جینے اور مرنے کا حق بھی چھین لیا ہے اور حالات ایسے ہیں کہ غریب اور سفید پوش تو کیا، درمیانے طبقے کا چولہا نہیں جل رہا۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت آج الیکشن کا اعلان کر دے تو لانگ مارچ ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ارشد شریف کا جینا دوبھر کر رکھا تھا اور اگر فیصل واڈا کے پاس ثبوت ہیں تو تفتیشی کمیٹی ملک سے باہر کیا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خرم لغاری ایسا نیا آئٹم سانگ آیا ہے جس کو کچھ نہیں پتا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر کوئی نقب نہیں لگا سکتا اور یہ ایسی پاکیزہ تحریک ہے جس کو کوئی نہیں دبا سکتا۔