اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ آئی این پی)پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی لڑائیوں میں پیادے اپنی اوقات سے بڑھ کر کام کر جاتے ہیں۔عمران خان نے نجی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ پرُامن ہو گا۔
سیاسی رجیم چینج کے ہینڈلرز اپنے ادارے میں رجیم چینج نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر تعداد ظاہر کردے گی کہ پاکستانی قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں، دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان بنانا ری پبلک نہیں ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی موت قتل ہے، جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے،لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا اور مجبورکیا کہ ملک سے چلے جا، دبئی سے ارشد شریف کو زبردستی نکالے جانیکی بات درست نہیں ہے، میرے خیال سے ارشد شریف کی موت کوئی حادثہ نہیں تھا، میرے خیال میں ارشدکو گاڑی کے اندر سے مارا گیا، انہیں صرف دو گولیاں لگیں، ارشد شریف کو سینے اور سر پر جو دو گولیاں لگیں، وہ لانگ رینج سے نہیں چلائی گئیں، جو دو گولیاں لگیں، وہ قریب سے چلائی گئیں۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی موت قتل ہے، جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے۔