اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ٗاین این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر صدمہ ہوا جس نے سچ بولنے کی آخری قیمت ادا کی اپنی جان۔ اسے ملک چھوڑ کر بیرون ملک روپوش ہونا پڑا لیکن وہ سوشل میڈیا پر طاقتوروں کو بے نقاب کرتے ہوئے سچ بولتا رہا۔
آج پوری قوم ان کی وفات پر سوگوار ہے۔اس کے اپنے بیانات اور دوسرے ذرائع سے ملنے والے شواہد کی جانچ کے لیے ایک مناسب عدالتی تحقیقات کا آغاز کیا جانا چاہیے۔ ہم سفاکیت کی ایک ایسی حالت میں اتر چکے ہیں، جو مہذب معاشرے میں نامعلوم ہے، جو ان لوگوں کے خلاف طاقت وروں کے ہاتھ میں ہے جو غلط کاموں پر تنقید کرنے اور اسے بے نقاب کرنے کی جرات کرتے ہیں۔میری دعائیں اور تعزیت ان کے غم زدہ خاندان کے ساتھ ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ کینیا میں پاکستانی سفیر نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی ہے ۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ کینیا میں پاکستان کی سفیرسیدہ ثقلین، کینیا کے پولیس حکام اور ڈاکٹرز اس وقت نیروبی میں مردہ گھر میں موجود ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی سفیر نے مرحوم ارشد شریف کی شناخت کرلی،شناخت کے بعد اب میت کی واپسی کے لئے قانونی عمل شروع ہے ،اس وقت میت کی شناخت اور وطن واپسی کے لئے ضابطے کی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے،کینیا کے حکام کو ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔