نارووال ( این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی حقیقی آزادی کی اصلیت قوم جان چکی ہے، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) جھوٹے مقدموں سے سرخرو ہو رہی ہے،نواز شریف کو جب ان کے ڈاکٹر اجازت دیں گے تو وہ پاکستان واپس آئیں گے۔
نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہانواز شریف وطن واپس آنے کے لئے بے قرار ہیں ،ہم سب دعا گو ہیں کہ نواز شریف جلد از جلدہمارے درمیان آئیں۔مریم نواز عدالت سے ویسے ہی سرخرو ہو کر گئی ہیں جس طرح عدالت نے مجھے سرخرو کیا ،مجھے عدالت نے کسی نئے قانون کے تحت سرخرو نہیں بلکہ پرانے قانون کے تحت سرخرو کیا۔مریم نواز کو بھی عدالت نے نئے قانون کے تحت بری نہیں کیا بلکہ اس کیس کے ریفرنس میںمیرٹ پر بری کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز کے اس کیس کے ساتھ ہی نواز شریف کے مقدمے کا بھی تقریباً فیصلہ ہو گیاہے ،مریم نواز بے گناہ ہیں تو پھر نواز شریف کے گناہ گار ہونے کی کوئی دلیل نہیں ہو سکتی ،جب بنیاد ہی نہیں رہی تو نواز شریف کیسے گناہگار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کسی این آر او کے تحت نہیں آئیں گے ،ان کے بنائے ہوئے جھوٹے مقدموں کے ایکسپوز اور کریش ہونے سے واپس آئیں گے ۔



















































