لاہور (این این آئی) ایوان وزیر اعلی پنجاب میں تعینات سرکاری افسران کیلئے نئے آئی فون خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ایوان وزیراعلی پنجاب میں تعینات افسران کیلئے وزیراعلی پنجاب ڈیجٹیل پروگرام کے تحت نئے آئی فون خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور
ایپل کمپنی کے آئی فون ایوان وزیر اعلی میں تعینات مخصوص افسران کو دئیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ایوان وزیر اعلی میں تعینات افسران کیلئے موبائل فون جدید ماڈل آئی فون پرو میکس فورٹین یا پھر آئی فون تھرٹین پرومیکس خریدے جائیں گے، افسران کیلئے خریدے جانیوالے فون کی قیمت تقریبا چارلاکھ روپے سے زائد تک مقرر کی گئی ہے۔آئی فون کی خریداری کیلئے ایک سو اٹھائیس جی بی میموری والے سیٹ خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان موبائل فونز کی خریداری کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اورپی ٹی اے سے مشاورت کی جائے گی اوران کے تجویز کردہ فون سیٹ ہی خریدے جائیں گے ۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15روز کے وقفے کے بعدکل سہ پہر تین بجے شروع ہوگا ۔اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کریں گے۔ سپیکر نے 21استمبر کو ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس 7اکتوبر تک ملتوی کیا تھا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کیخلاف کیس واپس نیب کو بھجوا دیا اور کہا نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیس احتساب عدالت دائرہ اختیار میں نہیں۔