اسلام آباد ٗ لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں 7 روز میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ آئندہ سات روز کے اندر اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کی کال دے دی جائے گی۔
عمران خان نے اس حوالے سے پارٹی رہنمائوں کو حتمی تیاریوں کی ہدایت کردی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں شرکا ء نے عمران خان کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی، شرکا ء نے اسحاق ڈار کی واپسی اور مریم نواز کی ایون فیلڈ کیس میں بریت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یہ معاملہ عوام میں لے جانے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کے آپشن پر اجلاس کے شرکا ء نے یک زبان ہو کر ناںکہہ دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی اب سڑکوں پر نکلے گی، فیصلہ عوام کریں گے اور پی ٹی آئی کی کال پر ملک بھر سے عوام اسلام آباد کا رخ کریں گے۔دوسری جانب وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلی شکایات سیل کے چیئرمین زبیر احمد خان نے ملاقات کر کے شکایات سیل کی کارکردگی اورعوامی شکایات کے ازالے کے بارے میں کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فی الفور ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،شکایات سیل میں آنے والی درخواستوں کو جلد ازجلد نمٹایاجائے۔
عوامی شکایات کے حوالے سے درخواستوں کو مقررہ وقت کے اندرحل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابقہ دور میں عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے جامع پلان آف ایکشن بنایاجائے ۔عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ کرکے انہیں ریلیف دیں۔شکایت کے اندراج سے ازالے تک پورا سسٹم آن لائن ہونے سے درخواست گزار کو بہت ریلیف ملے گا۔شکایات کے ازالے کیلئے ہونے والی پیشرفت کے ہر مرحلے سے درخواست گزار کو اپ ڈیٹ رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ایسے عناصر کے خلاف قانونی ایکشن سے ناصرف جھوٹی درخواستیں دینے والوں کو سزا ملے گی بلکہ ادارے کا وقت بھی بچے گا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شکایات پر فوری ایکشن سے عوام کی دادرسی ہماری ذمہ داری ہے۔زبیر احمد خان نے راولپنڈی میں عوامی شکایات پر مقرر کردہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے زبیر احمد خان کی کارکردگی کو سراہا۔