اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان کے دو حقیقی بھائیوں نےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کا منفرد اعزاز حاصل کرلیا،وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس سے خطاب کرکے منفرد اعزاز حاصل کرلیا ہے۔اس سے پہلے وزیراعظم
محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بطور وزیراعظم خطاب کیا اور یہ دو بھائیوں کا وزیراعظم کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کا منفرد اعزاز ہے جو وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے حصے میں آیا ہےجبکہ اس کے علاوہ باپ بیٹی کا وزیراعظم کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کا اعزاز بھی پاکستان کے ہی پاس ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو نے بھی وزیراعظم کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے داماد اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری نے صدر کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔یہ منفرد اعزاز پاکستان کے حصے میں آئے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستترہویں اجلاس کے اعلی سطح کے مباحثے میں شرکت کے بعد امریکہ سے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم ، امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، قونصل جنرل عائشہ علی اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔