اسلام آباد (این این آئی)خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے پر توہینِ عدالت کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان (آج)جمعرات کو پیش ہونگے،اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے حوالے سے سرکلر جاری کیا گیا ہے۔
جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق عدالتِ عالیہ کا لارجر بینچ (نٓج) 22 ستمبر کو دن ڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔سرکلر میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ون میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی۔سرکلر میں بتایا گیا کہ عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء کمرہ عدالت میں موجود ہوں گے۔اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاء افسران کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔سرکلر میں ہدایت دی گئی کہ کورٹ ڈیکورم برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس خصوصی سیکیورٹی انتظامات کرے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ (آج) جمعرات کو توہینِ عدالت کیس میں عمران خان پر فردِ جرم عائد کرے گی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے 8 ستمبر کوخاتون جج کو دھمکی دینے پر سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔