نیویارک(این این آئی)تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں شدید غذائی بحران کے خدشے پر بین الاقوامی ایجنسیوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی)اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی)نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں شدید بھوک کے شکار افراد کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ سیلاب کی زد میں آنے سے قبل ہی کم از کم 43 فیصد آبادی کو غذائی عدم تحفظ کا سامنا تھا۔آئی ایف آر سی اور آئی سی آر سی نے جنیوا میں کہا کہ تقریبا 2 کروڑ 10 لاکھ ایکڑ فصلیں زیر آب آچکی ہیں اور چاول اور گندم جیسی بنیادی ضروریات پر مشتمل 65 فیصد فصلیں تباہ ہو چکی ہیں جبکہ 7 لاکھ 33 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔دریں اثنا اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے ڈائریکٹر جنرل کیو ڈونگیو نے یقین دہانی کروائی کہ ان کا ادارہ زراعت کے شعبے پر سیلاب کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔