کراچی ( مانیٹرنگ، آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کے آرمی چیف کی تعیناتی بارے بیان پر ردعمل دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان کی سیاست اس کے گرد گھومتی ہے کہ آرمی چیف کون ہو گا، کیا عمران خان نے آئین پڑھا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ آرمی چیف کی تعیناتی،
کے معاملے پر ذاتی مفاد کے لئے سرکس بازی بند کریں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی چیف تعینات کرنا وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم اور سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چار سال کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ آج بھگت رہے ہیں، سابق حکمرانوں کی غفلت کا ازالہ صرف چار ماہ میں نہیں ہوسکتا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل جب تیل کی قیمت کم نہیں کرتے سب پریشان ہوتے ہیں، مفتاح اسماعیل کے عمل کا میں ذمہ دار نہیں ہوں، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ بجلی اورپیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مفتاح کا کوئی کردار نہیں ہے، ملکی معیشت کوبہتر کرنے کیلئے آئی ایم ایف ایک بنیاد ہے۔شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب الزامات لگاتے رہے ہیں میری ہمیشہ یہی رائے رہی کہ نیب جیسے ادارے کو ختم کیا جائے، جہاں انصاف نہ ہو وہاں حالات خراب ہو جاتے ہیں، آئین پڑھیں تو آپ کو معلوم ہو کہ ملک کیسے چلتا ہے۔سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حقائق کا علم ہونا چاہیے کہ ملک میں بجلی کے ریٹ کا تعین کیسے ہوتا ہے، موجودہ حکومت نے بہت سے مشکل فیصلے کئے،اگر یہ فیصلے پہلے ہوتے تو ملک کے حالات ایسے نہ ہوتے جیسے اب چل رہے ہیں۔