جعفر آباد (این این آئی)جعفر آباد، نصیر آباد اور صحبت پور کے علاقوں میں کئی روز سے جمع پانی کا نکاس نہ ہو سکا جس کے باعث پیدا ہونے والے وبائی امراض سے انسانی المیہ جنم لینے لگا ہے۔شدید گرمی میں ملیریا، جلدی امراض اور گیسٹرو سے تباہ حال متاثرین کی مشکلات
میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ڈیرا الہیار، گنداخہ، صحبت پور، نوتال، بابا کوٹ اور ربیع میں متاثرین کو ادویات، پینے کے صاف پانی اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے، سیکڑوں خاندان پانی اور سڑکوں کے کنارے ضروریاتِ زندگی اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔دوسری طرف بولان میں سیلاب سے تباہ ہونے والے پنجرہ پل کا کام اب تک شروع نہیں ہوسکا جس سے کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،ادھر راجن پور کے سیلابی علاقوں میں بھی پانی کا اخراج نہ ہونے سے ڈینگی، ملیریا اور جلدی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے، مچھر دانیوں اور صاف پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ۔راجن پور میں اپنے گھروں کو لوٹ جانے والے متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت اپنے تباہ حال گھروں کو تعمیر کر رہے ہیں جبکہ بہت سے متاثرین اب بھی انڈس ہائی وے پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔