لاہور( این این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک شدید سیاسی اور اعصابی تنائوکا شکار اور بند گلی میں داخل ہو گیا ہے، پی ڈی ایم نے جو گڑھا عمران خان کے لیے کھودا تھا اس میں خود گر گئی ہے،ڈالر232روپے کا،سیلاب،غذائی قحط اوروبائی امراض سر پر ہیں۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چوروں نے صرف اپنے کیس ختم کرانے تھے۔
یہ سکیورٹی میں فوٹو کھنچا سکتے ہیں،عوام میں نہیں جا سکتے،کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہے،حکمرانوں کاغلط فیصلہ عوام کے غیض وغضب میں بدل سکتا ہے۔عمران خان کی مقبولیت کے طوفان کوقید کرنا یا نااہل کرنا مہنگا پڑسکتا ہے،اقتدار کے بھوکوں کے جمعہ بازارکی الیکشن میں تاخیران کو لے ڈوبے گی ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ ان کے دکھوں کا مداوا کیا جائے گا ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے جو منصوبے شروع کئے امپورٹڈ حکومت نے ان پر ایک انچ بھی پیشرفت نہیں کی ،عوام عام انتخابات کے انعقاد کے لئے بیتاب ہیں اور پی ڈی ایم ٹولے کی سیاست ہمیشہ کیلئے سمندر برد ہو جائے گی ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ لوٹ مار ایسوسی ایشن اور ان کے سہولت کار وںنے عمران خان کے خلاف اکٹھ کر لیا ہے لیکن اس کے باوجود عمران خان ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے ۔ آصف زردار ی اور مولانا فضل الرحمان آج کل سیاسی طو رپر بیروزگار ہیں وہ آئیں اور کسی حلقے میں عمران خان کا مقابلہ کرکے دیکھ لیں تاکہ انہیں اپنی سیاسی مقبولیت کا اندازہ ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے انفرادی اور اجتماعی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں، تحریک انصاف کی صوبائی حکومتیںبڑھ چڑھ کر امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں میںمصروف عمل ہیں، ان شا اللہ تحریک انصاف وفاق میں حکومت بنا کر سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا کرے گی ۔