شارجہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی اور رحمان اللہ گربز نے اننگز کا آغاز کیا، حضرت اللہ زازئی نے 13 رنز بنائے اور انہیں مڈاشنکا نے بولڈ کیا،
رحمان اللہ گربز نے برق رفتار 84 رنز بنائے اوروہ فرنینڈو کی گیند پر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، ابراہیم زردان نے 40 رنز بنائے اور وہ بھی مڈاشنکا کا شکار بنے ان کا کیچ فرنینڈو نے لیا۔ افغانستان کے کپتان محمد نبی صرف ایک رنز بنا سکے۔ نجیب اللہ زردار نے 17 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہو گئے۔ راشد خان نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مقررہ بیس اوورز میں افغانستان نے 175 رنز بنائے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ اس طرح افغانستان نے سری لنکا کو 176 رنز کا ٹارگٹ دے دیا۔سری لنکا کی جانب سے کوسل مینڈس اور پاتھم نسانکا بیٹنگ کے لئے آئے، پاتھم نے 35 رنز بنائے مجیب الرحمان کی گیند پر رحمان اللہ گربز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مینڈس نے 36 رنز بنئے اور وہ نوین الحق کی گیند پر ابراہیم زردان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ چارتھ آسالنکا نے 8 رنز بنائے انہیں محمد نبی نے بولڈکیا، دھونشکا نے 33 رنز بنائے اور وہ راشد خان کا شکار بنے۔ ڈاسن شانکا نے 10 رنز بنائے اور وہ مجیب الرحمان کی گیند پر نجیب اللہ زردان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ راجاپکاسا اور ڈی سلوا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، راجاپکاسا نے 14 گیندوں پر 31 رنز بنائے انہیں نوین الحق نے بولڈ کیا۔ ڈی سلوا 16 رنز بنا کر اور چمیکا 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سری لنکا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف 19.1 اوور میں حاصل کر لیا۔ افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور مجیب الرحمان نے دو دو جبکہ راشد خان اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔