بیجنگ(این این آئی)پاکستان اورچین کی لازوال دوستی کا ایک اورمظاہرہ سامنے آگیا۔ چینی بچے نے اپنی جمع پونجی پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی میں چین ایک دیرینہ دوست کی طرح ساتھ کھڑا ہے۔ چینی عوام کی پاکستانی عوام سے محبت لازوال ہے،
جس کا ایک اور ثبوت منظر عام پر آگیا۔پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسردہ چینی بچہ سال نو کے لئے جمع کی گئی بچت لے کر بینک پہنچ گیا اور پیسے پاکستان میں سیلاب سے متاثر بچوں کی مدد کے لئے عطیہ کردئیے۔چینی بچے کی سیلاب سے متاثر پاکستانی بچوں کی مدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ صارفین نے بچے کے جذبے کو سراہا اور دونوں ممالک کی دوستی کو اٹوٹ قراردیا۔ دوسری جانب چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اقوامِ متحدہ کے کنونشن برائے سمندری قانون پر دستخط کے آغاز کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم میں آن لائن شرکت کی۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق وانگ ای نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اس کنونشن کی پاسداری کی ہے، کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری سے ادا کیا ہے،کنونشن کی سالمیت اور اس کے اختیارات کا بھرپور تحفظ کیا ہے اور کنونشن کے تنازعات کے حل کے طریقہ کار کے غلط استعمال کی مخالفت کی ہے۔وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں سمندری حکمرانی کے نئے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، مشترکہ مستقبل کے لیے ثابت قدم رہنا چاہیے اور پائیدار سمندری ترقی کو فروغ دینا چاہیے؛ سمندری امن و سکون کو برقرار رکھنے کے لیے بات چیت اور مشاورت پر عمل درآمد کرنا چاہیے، بین الاقوامی تعاون پر قائم رہنا چاہیئے،سمندری حیاتیاتی ماحول کی حفاظت کرنی چاہیئے؛ بین الاقوامی قانون کی حکمرانی پر عمل کرنا چاہیئے اور عالمی سمندری حکمرانی کو بہتر بنانا چاہیئے۔