اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے اعلی وزارتی وفد کی ملاقات ہوئی ، وزیراعظم نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ طیب اردگان کی فون کال کے فوراً بعد ترکیہ نے سیلاب زدگان کے لیے خیمے، کھانے پینے کی اشیاء، ادویات اور
ہنگامی امدادی سامان کی صورت میں پاکستان کو امداد بھیجی ، اب تک 11 ترک فوجی طیارے اور 2سامان سے بھری ٹرینیں پاکستان روانہ کی جا چکی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہوتی ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ان کی ملاقات ہوئی ہے جو وزیر داخلہ سیلمان سولو اور وزیر ماحولیات ، شہری امور و ماحولیاتی تبدیلی مرات کورم کی زیر قیادت پاکستان کے دورہ پر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وفد ہماری تاریخ کی مشکل ترین گھڑی میں اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان آیا ہے، ترکیہ کی مدد سے ہمیں بڑی طاقت اور اعتماد حاصل ہوا ہے، ہم رجب اردوان کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہوتی ہے۔