بدین(این این آئی) کراچی ہائی وے پر ڈمپر نے سڑک کنارے سوئے سیلاب متاثرین کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں تین بہن بھائی جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بدین میں سڑک کنارے سوئے سیلاب متاثرین پرقیامت ٹوٹ پڑی، کراچی ہائی وے پر افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
جہاں ڈمپر سڑک کنارے سوئے سیلاب متاثرین پرچڑھ گیا،جس کے نتیجے میں ایک ہی گھرکے 3بھائی بہن جاں بحق ہوگئے، جن کی عمریں 10،12 اور 18 سال تھیں۔حادثے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔سیلاب متاثرین کی جانب سے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا گیا تاہم پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب تیز رفتار ٹرک کا ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور دو سیلاب متاثر خواتین کی جان لے گیا، ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیاہے۔میرپورخاص کے عمرکوٹ روڈ پر حیدری پمپ نزد بلوچ آباد کے قریب تیز رفتار ٹرک سیلاب متاثرین پر چڑ ھ دوڑا، جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد کچلے گئے۔ واقعے میں دو خواتین جاں بحق، جبکہ تین بری طرح زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی تعلقہ تھانہ کی پولیس پہنچ گی، جنہوں نے دونوں لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے بروقت ٹرک کا پیچھا کرکے ڈرائیور کو گرفتار، جبکہ ٹرک کو تحویل میں لے لیا۔