لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر کی ہدایت پر حلقہ بھر میں سیلاب زدگان کے لئے امدادی کیمپ قائم کر دئیے گئے ،سیف الملوک کھوکھر نے بطور رکن اسمبلی ملنے والی ایک سال کی تنخواہ کے علاوہ ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کر دیا۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق مشکل کی اس
گھڑی میں سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑے ہیں ،قوم سے اپیل ہے کہ وہ بھی بڑھ چڑھ کر سیلاب زدگان کی امداد میں حصہ ڈالیں تاکہ پاکستان اس مشکل گھڑی سے نکل سکے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں اس مشکل کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا، بلاشبہ یہ اللہ کی طرف سے ہمارے لئے ایک امتحان ہے ، ہمیں اپنے رب سے گڑا گڑا کر معافی بھی طلب کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بہن بھائیوں کو مشکل میں دیکھ کر پوری قوم دکھی ہے ،ہماری پوری کوشش ہے ہم جس حد تک بھی ممکن ہو سکے فوری طور پر ان کی مدد کریں ،اس سلسلے میں میں نے حلقے بھر میں امدادی کیمپ لگا دئیے ہیں اور اپنے تمام ورکرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ اس کار خیر میں جس حد تک بھی ہو سکے حصہ ڈالیں اور دن رات ایک کر کے عطیات اکٹھے کریں ،ہر امیر غریب بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لے ،یہ مشکل وقت کسی پر بھی آ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے قائد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق اپنے حلقے میں سب سے پہلے کیمپ لگائے ہیں،میں نے اپنے طور پر اس کار خیر میں چھوٹا سا حصہ ڈالا ہے ،اپنی ایک سال کی تنخواہ سیلاب زدگان کے لیے وقف کرنے کا اعلان کرتا ہوں،اس کے ساتھ ساتھ ایک کروڑ روپے کی رقم بھی عطیہ کی ہے ۔