کراچی (این این آئی) معروف فنکاروں نے بھی سیلاب متاثرین کیلئے آواز اٹھا دی، شوبز اسٹارز کے مطابق سیلاب کی وجہ سے ملک بھر میں جتنی تباہی ہوئی ہے، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔اداکار احسن خان نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے
لوگوں کے کاروبار ختم ہو گئے ، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، گھر پانی کے ریلے میں بہہ گئے،متاثرین کے پاس کھانے پینے کا سامان نہیں ہے۔ارباز خان نے کہا کہ میرا پاکستان اس وقت ڈوب رہا ہے، کئی ایسے دیہات ہیں جو صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔معروف گلوکار وارث بیگ نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بھلا کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہیے، مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔اداکارہ و ماڈل رچل خان نے کہا کہ ، سیلاب کی وجہ سے پورے ملک بالخصوص بلوچستان، کے پی کے اور سندھ میں لوگوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا، کسانوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی فصلوں کی شکل میں بہہ گئی، سیلاب متاثرین خدا کے بعد صرف اور صرف ہم سے مدد کے طلب گار ہیں،ہم سب کو بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لینا چاہیے اور کھل کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔فنکاروں نے کہا کہ بڑی بدقسمتی سے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمارے سیاستدان آج تک یہ نہیں سمجھ سکے کہ ڈیمز کیوں بننے چاہئیں،ہمارے ڈیمز سیاست کی نذر ہو گئے، کالا باغ ڈیم کا مستقبل میں کیا فائدہ ہونا تھا، یہ ہم آج تک نہیں سمجھ سکے۔