اسلام آباد ( آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا کہ آوے جج آوے آئی جی آوے ڈی آئی جی جیسے ڈائیلاگ،فلم انڈسٹری مولاجٹ،کے ہوسکتے ہیںکسی سیاسی لیڈر کے نہیں ۔جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے
کہا کہ خود کو سب سے بڑی جماعت کا لیڈر کہنے والا عمران نیازی قانون اور آئین سے بالاتر ہے کیا؟اگر تم واقعی ایک پاکستان اور ایک قانون چاہتے ہو تمہیں قانون اور آئین کے سامنے سرینڈر ہوناہوگا،فارن فنڈنگ ،قاضی فائز عیسی،اور آئین شکنی کے فیصلوں نے عمران نیازی کو بددیانت جھوٹا اور آئین شکن ثابت کیا،عمران خان نے فیصلوں کو تسلیم کرنے کے بجائے ججوں عدلیہ اور اداروں کی تضحیک اور توہین پہ تلے رہے،حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار، اسرائیلی میڈیا، صرف عمران نیازی کے حق میں بول پڑا ہے،سوال یہ ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اسرائیلی میڈیا آپ کے حق میں کیوں؟رشتہ کیا ہے؟پاکستان کی سیاست سے عمران نیازی بے دخل کرنا ملکی کی مفاد میں ہے،پنجاب حکومت بنی گالہ کی یاترا چھوڑ کر جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین پر توجہ دے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں، ذرائع ابلاغ اور اقوام متحدہ عمران نیازی کو سرکشی پر اکسا رہے ہیں۔ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ عمران خان کو دوبارہ پاکستان پر مسلط کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائیگی، عمران خان نے ملعون سلمان رشدی پر حملے کی مذمت کی جس کے بعد سے صیہونی لابی اور عالمی میڈیا کھل کر اس کی پشت پر آگیا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہاکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں، عالمی ذرائع ابلاغ اور اقوام متحدہ عمران خان کو سرکشی پر اکسا رہے ہیں، صیہونی لابی اس کی باغیانہ سرگرمیوں کو جمہوریت کا کور دینا چاہتی ہیں، صیہونی لابی اپنے مہرے عمران خان کو دھاندلی سے پھر اقتدار میں لانا چاہتی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے ریاستی ادارے شدید ترین عالمی دبائو میں ہیں، ریاستی ادارے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کسی بھی
کارروائی میں التوا کی پالیسی پر گامزن ہیں، قومی مجرم کیخلاف کارروائی سے گریز کیا تو جے یو آئی اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوںنے کہاکہ میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق فورمز سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کی ہمدردی کا محور عمران کیوں ہے؟ عمران حکومت میں سابق وزیراعظم کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں، سابق وزیراعظم کے خلاف ملکی اداروں کو استعمال کیا گیا، الیکشن کمیشن کے ذریعے عمران خان
کی چوری کے اقدامات سامنے لائے گئے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم عمران خان کی حمایت پر صیہونی قوتوں اور اقوام متحدہ پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نے 12 سال پہلے کہہ دیا تھا عمران خان کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ ہوئی ہے، عمران خان کی فنڈنگ سے متعلق اب ریکارڈ قوم کے سامنے آگیا ہے، عمران خان کو دوبارہ پاکستان پر مسلط کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی، ہم میدان میں ہیں، ہمارے کارکن اور قوم زندہ ہیں، ہر چال ناکام بنا دیں گے۔