اسلام آباد، پشاور (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اپنی ہی صو بائی حکومت پر برس پڑے۔ ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت عمران خان کے خلاف پرچے پر پرچے کاٹ رہی اور پنجاب اور کے پی حکومتیں ہاتھ پہ ہاتھ دھری بیٹھیں ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان فون اٹھا کر کہے کہ پرچے کرو، یہ کرو، وہ کرو۔فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت کو ہماری آوازبھی سن کر چلنا پڑے گا، اگر آپ اس آواز کو نظر انداز کریں گے تو اس کے بھی نتائج ہیں۔دوسری جانب پختونخوا حکومت نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات پر پی ڈی ایم قیادت کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی قیادت کے ماضی قریب میں ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی، نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات پر مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقدمات درج کرنے کے لئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈی آئی خان منیر احمد کو سیکشن 196 کے تحت اور صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔ یہ مقدمات پاکستان پینل کوڈ کے سیکشنز 108A 153A اور 505 کے تحت درج کئے جائیں گے۔