خیرپور(این این آئی)خیرپور میں مسجد کی چھت گرنے سے 15 سیلاب متاثرین جاں بحق ہوگئے جبکہ70سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق خیرپور کے علاقے احمد پور کے قریب مسجد کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد
جاں بحق اور 70 سے زائدزخمی ہوگئے۔پولیس حکام نے بتایاکہ مسجد میں سیلاب متاثرین نے پناہ لے رکھی تھی۔ ریسکیو ذرائع نے بتایاکہ حادثہ مسجد کی چھت گرنے کے باعث پیش آیا البتہ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ریسکیواہلکاروں کے مطابق متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ انتظامیہ کو واقعے کی بار بار اطلاع دینے کے باوجود زخمیوں کو ایمبولینس تک نہیں ملی اور نہ ہی انتظامیہ وقوعہ پر پہنچ سکی۔،اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے زخمیوں کونکالا،اور تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔شدید بارش کے باعث علاقہ مکینوں کو امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔خیال رہے سیلاب کاریوں کی وجہ سے احمد پور کے علاقے میں لوگ مسجد میں پناہ لئے ہوئے تھے۔