فیصل آباد(آن لائن)میڈیکل کی طالبہ پر تشدد کیس کے مرکزی ملزم شیخ دانش پر دوبارہ عدالت پیشی پر حملہ کا خدشہ، پولیس عدالت پیش کرنے کیلئے حکمت عملی پر غور شروع کر دیا۔ یاد رہے کہ تھانہ وومن پولیس کی طرف سے شیخ دانش کا 5 روزہ
جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر دوبارہ 22 اگست بروز سوموار کو عدالت میں پیش کیا جانا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق میڈیکل کی طالبہ خدیجہ کو تشدد کا نشانہ بنانیوالے فیکٹری مالک شیخ دانش کے خلاف تھانہ مدینہ ٹاؤن میں بوگس چیک دینے کے جرم میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا تھا اور مدعی کو رقم کی ادائیگی کے بعد رہائی ملی تھی اور ضلعی پولیس کی طرف سے شیخ دانش کے گن مینوں، سکیورٹی گارڈز کے پاس موجود اسلحہ لائسنسوں کی جانچ پڑتال کا عمل بھی جاری ہے جس کی حتمی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ شیخ دانش کی بیٹی انا شیخ کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیکر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب سائبر کرائم کی ٹیم نے میڈیکل کی طالبہ کے تشدد و استحصال کیس میں ملوث ملزمہ ماہم کو عدالت میں پیش کر دیا، عدالت میں ملزمہ کے دو روز جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل کر دیا گیا، دوسری طرف مرکزی ملزم شیخ دانش کے بھائی وقاص کی طرف سے شیخ دانش کو بیسٹ مل کا مالک قرار دیئے جانے کی تردید کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 2017ء سے مل سے الگ ہو چکے ہیں کاروبار سے علیحدگی کی بناء پر اس کا مذکورہ مل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔