عدیس ابابا (آن لائن) دونوں پائلٹ سو گئے مسافر طیارہ ائرپورٹ چھوڑ کر آگے نکل گیا۔ایوی ایشن کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے خرطوم سے عدیس ابابا جانے والے مسافر طیارے کو اڑانے والے دونوں پائلٹس دورانِ پرواز 37,000 فٹ کی بلندی پر سو گئے،
جس کے باعث وہ پہلے سے طے شدہ رن وے پر طیارے کو لینڈ نہ کروا سکے۔ تاہم آنکھ کھلنے پر انھوں نے طیارہ بحفاظت زمین پر لینڈ کروا دیا۔ مسافر طیارہ ایتھوپیا کے ادیس بابا ہوائی اڈے پر لینڈنگ سے قبل جس مقام پر طیارے کی بلندی کم کرنی ہوتی ہے وہاں پہنچنے کے باوجود طیارے کی بلندی کم نہیں ہوئی جس کے باعث ایئر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ پائلٹس کی آنکھ بلاآخر اْس وقت کھلی جب کاک پٹ میں آٹو پائلٹ الارم بجا۔ تو انھوں نے سیکنڈ اپروچ پر طیارے کو لینڈ کروایا۔ اس بوئنگ 737 طیارے کو دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں اپنی منزل پر پہنچنا تھا۔ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ تو پائلٹس کے ساتھ ہمدردی کا اظہار یہ کہتے ہوئے کر رہے ہیں کہ ان پر کام کے دباؤ کی وجہ سے انھیں سونے کا وقت کم ملتا ہے مگر دوسری جانب وہ لوگ بھی ہیں جو اسے ایک بھیانک غلطی قرار دے رہے ہیں۔