لاہور( این این آئی)وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہاہے کہ پنجاب پولیس نے شہباز گل کو قریبی ہسپتال شفٹ کرنے کی کوشش کی مگر اسلام آباد پولیس نے بدمعاشی کرتے ہوئے رینجرز کی زیر نگرانی اسلام آباد شفٹ کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی
جان کو شدید خطرہ ہے، معزز اعلی عدالتوں سے انسانی حقوق کی خاطر مداخلت کی اپیل ہے۔ا نہوں نے کہا کہ شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کی نگرانی میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم پچھلے 3 دن میں حالت بہتر ہوگئی تھی۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل ابھی تک شدید ڈپریشن کا شکار تھے، جب پتہ چلا کہ دوبارہ پولیس کی تحویل میں دیا جا رہا ہے تو ان کی حالت تشویشناک ہوگئی۔دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ججز بحالی تحریک میں کپتان چوتھے روز رو پڑے تھے لیکن ہم ہم تب کئی کئی ماہ بند رہے۔ اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ کسی کے جیل جانے پر بغلیں بجانا ناروا ہے، جیل آپ نے کاٹی ہے اور نہ کاٹی جائے گی۔عمران خان اور ان کے سہولت کاروں نے ہمیں کئی کئی ماہ بے گناہ پابند سلاسل رکھا تھا۔ججز بحالی تحریک میں کپتان چوتھے روز رو پڑے تھے لیکن ہم ہم تب کئی کئی ماہ بند رہے ،سچ جان کر جیو۔