اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) اے آر وائی نیوز کے خلاف حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کو ڈیفنس سے گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کو کراچی میں ڈیفنس کے علاقے سےبغیر وارنٹ گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔پولیس اہل کار اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد عماد یوسف کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے،
گھر کے اندورنی دروازے کو توڑا اور گھر کے اندر بھی توڑ پھوڑ کی۔عماد یوسف کی گرفتاری کی ملک بھر کی صحافتی تنظیموں اور پریس کلبز نے شدید مذمت کی ہے، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے اپنے بیان میں کہا آزادی اظہار پر قدغن کسی طور پر برداشت نہیں، صحافیوں کے ساتھ ہر دم کھڑے ہیں، حکومت صحافیوں کا احترام کرے۔؎پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئں، اے ایچ خانزادہ کا کہنا تھا کہ اے آر وائی کے خلاف انتقامی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، حکومت نے انتقامی کارروائی بند نہ کی تو ملک بھر میں احتجاج ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب سکھر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام سکھر پریس کلب کے سامنے صحافی برادری کااے آر وائی نیوز کی بندش اور ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہر ہ ہوا ، مظاہرے میں شامل صحافیوں کی جانب سے حکومت وقت کے آمرانہ اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اے آر وائی کی نشریات کی بحالی اور عماد یوسف کی فوری رہائی کاپرزور مطالبہ کیا گیا مظاہرے میں خصوصی طور پر پی ایف یو جے کے مرکزی فنانس سیکریٹری لالہ اسد پٹھان نے شرکت کی جبکہ مظاہرے میں ایس یو جے کے صدر سلیم سہتو ، سیکریٹری جاوید جتوئی سمیت سکھر پریس کلب ، سکھر سیفما چیپٹر ، سکھر فوٹو جرنلسٹ کے عہدے داروں سمیت سکھر پریس کلب کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر احتجاج میں شریک سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلیم سہتو,
جنرل سیکریٹری جاوید جتوئی اور مجلس عاملہ کے ارکان سمیت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ حکومت وقت کیجانب سے میڈیا کی آواز کو دبانے اور صحافیوں کی جبری گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جمہوری دور حکومت میں غیر جمہوری اور آمرانہ اقدام بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے
حکومت جماعت کیجانب سے میڈیا کے اداروں کی بندش اور میڈیا ورکرز کی گرفتاریاں انتہائی تشویشناک اور بزدلانہ عمل ہے اس طرح کے غیر جمہوری اقدامات سے انتشار اور عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوتے ہے, پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ
ملک کے بڑے نشریاتی ادارے اے آر وائی نیوز کی جبری بندش اور ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کی گرفتاری غیر اصولی اقدام ہے بغیر سرچ وارنٹ کے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے میڈیا ورکرز کو بغیر جرم گرفتار کرنا حکومت وقت کی غنڈہ گردی اے آر وائی کی نشریات کی بندش میڈیا کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے میڈیا کی جبری خاموشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی