ڈی ایچ کیوہسپتال میں بدعنوانی کا انکشاف
ڈیرہ غازی خان(این این آئی) ڈیرہ غازی خان میں ڈی ایچ کیوہسپتال کی تعمیر میں بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے، 4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہسپتال میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈی جی خان کے ایکس ای این، ایس ڈی او اور سب انجینیئر سمیت کنسٹرکشن کمپنیز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے تحقیقات کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، ادارے نے محکمہ بلڈنگ کے افسران سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔
وصول کی گئی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروا دی گئی۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق 370 بستروں کے اسپتال کی تعمیر پر 4 ارب روپے کی لاگت آئی۔
ہسپتال کی تعمیر کے دوران بے ضابطگیاں اور ناقص مٹیریل دیکھنے میں آیا۔حکام کے مطابق محکمہ بلڈنگ کے افسران کی ملی بھگت سے ناقص مٹیریل کا استعمال کیا گیا۔