اسلام آباد ، لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ انتخابی شیڈول عدالت میں چیلنج کر دیا۔پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں
انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التوا ہے۔پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا عدالت 4 اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے لہذا الیکشن کمیشن کا 5 اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان حلقوں میں 25 ستمبر کو الیکشن ہوں گے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے قومی سمبلی کے ایک او رصوبائی اسمبلی کے دو حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدوروں کی فہرست جاری کر دی ۔ریٹرننگ افسراننے این اے 157، پی پی 139 اور 241 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواران کی فہرست جاری کی ۔۔این اے 157 ملتان سے علی موسی گیلانی سمیت 12 امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔پی پی 139 شیخوپورہ سے محمد ابوبکر بنگو سمیت 18 امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرائیجبکہ پی پی 241 بہاولنگر میں 20 امیدواران نے 24 کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ان حلقوں میں 11 ستمبر کو ضمنی انتخاب منعقد کیا جائے گا۔ این اے 108 فیصل آباد اور این اے 118 ننکانہ صاحب کے لئے ریٹرننگ افسران نے پبلک نوٹس جاری کر دیا۔پی پی 209 خانیوال میں 11 اگست کو ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا۔