ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے شہر مدینہ سے گورگان کے لیے ایران ایئر کی پرواز میں اڑان بھرتے ہی ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی مگر پائلٹ نے طیارے کو واپس نہیں اتارا اور پونے تین گھنٹے پرواز کے بعد طیارہ منزل پر بحفاظت اتر گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ ایران ایئر کی پرواز آئی آر 1767 نے سعودی عرب کے شہر مدینہ سے 25 جولائی کی رات مقررہ وقت سے سوا گھنٹہ تاخیر سے مقامی وقت کے مطابق رات 11:01 بجے ایران کے صوبہ گلستان کے دارالحکومت گورگان کے لیے اڑان بھری۔ اڑان کے چند منٹ بعد ایئربس اے 300B4 طیارہ تیزی سے بلندی پکڑ رہا تھا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے ہنگامی صورتحال (Squawk 7700) کے سگنل موصول ہوئے۔ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ نے مدینہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کر طرف واپسی کا روٹ لیا۔ ایسی صورتحال میں عام طور پر فوری طور پر قریب ترین ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا ہوتی ہے اور خیال کیا جا رہا تھا کہ طیارہ واپس مدینہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرتا مگر پائلٹ نے فضا میں ایک طویل چکر کاٹ کر اپنی منزل کا رخ کرلیا۔بعدازاں یہ پرواز رات 2 بجکر 20 منٹ پر گورگان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرگئی۔