حیدر آباد (این این آئی)حیدرآباد میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا جس میں پی ٹی آئی ورکرز نے پیپلز پارٹی کے کارکن کی گاڑی کا گھیراؤ کیا اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی۔
حیدرآباد کے حیدرچوک پر پیپلز پارٹی کے کارکنان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پی ٹی آئی کی شکست اور حمزہ شہباز کی کامیابی پر جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور آصف زرداری کے حق میں نعرے لگائے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی حیدر چوک پر وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا اور آصف زرداری کے خلاف نعرے بازی کی۔اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں نے پیپلزپارٹی کے کارکن کی گاڑی کا گھیراؤ کرتے ہوئے نعرے بازی کی جس کے بعد دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان تصادم ہو گیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کرتصادم کرنے والے افراد کو لاٹھی چارج کرکے منتشر کیا۔پولیس کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو منتشر کرکے حیدر چوک، قاضی عبدالقیوم روڈ اور اسٹیشن روڈ پر پولیس موبائل کو تعینات کر دیا گیا ہے۔