اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و زارت اعلیٰ کے امیدوارپرویز الہٰی اور ق لیگ کے تمام ممبرز نے ووٹ ڈال دیا ۔ قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھاہے جس میں کہا گیا ہے کہ ق لیگ کے اراکین ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیں گے،
اراکین پارٹی سربراہ کے حکم کے پابند ہیں اگر وہ انتخابات میں حصہ لیتے ہیں تو انہیں ڈی سیٹ کیا جا سکتا ہے، اس پر نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ اس کے بعد چوہدری پرویز الٰہی اپنے آپ کو بھی ووٹ کاسٹ نہیں کر سکتے، اگر وہ ووٹ کاسٹ کریں گے تو وہ اپنی نشست سے ڈی سیٹ ہو جائیں گے، اسی خط کی وجہ سے ق لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی میں شش و پنج کا شکار ہیں اور کوئی رکن اپنی سیٹ سے ووٹ ڈالنے کے لئے نہیں اٹھا، وہ ابھی تک اپوزیشن سیٹوں پر بیٹھے ہیں اور آپس میں گفتگو کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ق کے کارکنوں نے چودھری شجاعت کی رہائش گاہ کا گھیرائو کر لیا ، آصف زرداری چوہدری شجاعت سے ملاقات کے لیے روانہ ہوگئے تو دوسری جانب ق لیگ کے کارکن سابق صدر کا راستہ روکنے وہاں پہنچ گئے ہیں۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
دریں اثنا چوہدری شجاعت کی جانب سے پرویز الہٰی کو ووٹ دینے سے معذرت کی اطلاعات پر ق لیگ کے کارکن بھی چوہدری شجاعت کی رہائشگاہ کے باہر آصف زرداری کو روکنے کے لیے پہنچ گئے ہیں۔چوہدری شجاعت کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہونے والے ق لیگ کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہمارے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی ہی ہوں گے۔
آصف زرداری بار بار چوہدری شجاعت کو پریشان کرنے آرہے ہیں۔ ہم پنجابیوں کی طرح آصف زرداری کا استقبال کریں گے۔اس موقع پر کارکنوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چوہدری شجاعت مردہ باد کے نعرے بھی لگائے اور کہا کہ 2 دہائیوں سے چوہدریوں کو سپورٹ کررہے ہیں۔
اس عمل سے چوہدری شجاعت کا نام تاریخ میں اچھے الفاظ میں نہیں لکھا جائیگا۔ ووٹ ہم دیتے ہیں اور یہ مشورے کسی اور کے مان لیتے ہیں۔ ضمنی انتخاب کا نتیجہ سب کے سامنے ہے کہ عوام کس کیساتھ ہیں لیکن وقتی اقتدار کے لیے اپنا ضمیر بیچ دیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ ہمارے قائد پرویز الہٰی اور مونس الہٰی ہیں۔ ہمارے گھر کے بندے چوہدری شجاعت اور سالک حسین بکے ہیں۔ہم چوہدری شجاعت سے درخواست کرتے ہیں کہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔
اس موقع پر ق لیگ کے ڈسٹرکٹ جوائنٹ سیکریٹری نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سر آج شرم سے جھک گیا ہے۔طارق بشیر چیمہ نے غلط کردار ادا کیا۔ میں آج ق لیگ سےاستعفی دیتا ہوں کیونکہ چوہدری شجاعت اور سالک حسین نے مینڈیٹ کیساتھ ناانصافی کی ہے۔