اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان کا ایوان سے ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے 186اراکین موجود ہیں
جبکہ ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کے اراکان کی تعداد 178ہے ،ڈپٹی سپیکر دوست مزاری موجود ہیں ۔۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ میراسوال یہ ہے تو اجلاس کیوں شروع نہیں کیا جارہا ۔ قبل ازیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی کو ہاوس میں بلوانے کے لیے گھنٹیاں بجانا شروع کردی گئیں ،تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی بروقت ایوان میں پہنچ گئے۔تحریک انصاف کے مطابق 186اراکین پنجاب اسمبلی میں موجود ہیں جبکہ اس حوالے سے رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 175اراکین اسمبلی ہال میں آئے ہیں ۔ ایوان میں موجود اراکین کا تعلق تحریک انصاف اور ق لیگ سے ہے۔قبل ازیں مقامی ہوٹل میں قیام پذیر تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق) کے اراکین اسمبلی پانچ لگڑری بسوں میں سوار ہو کر ہوٹل سے پنجاب اسمبلی پہنچے ۔ حکمت عملی کے تحت ہوٹل میں حاضری مکمل کرنے کے بعد پہلے دو بسوں کے ذریعے اراکین کو پنجاب اسمبلی کیلئے روانہ کئے گئے جس کے کچھ وقفے کے بعد باقی اراکین کی حاضری مکمل کی گئی اور انہیں بھی تین بسوں میں سوار کر کے پنجاب اسمبلی کی جانب روانہ کیا گیا ۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بھی اراکین اسمبلی کے ہمراہ بسوں میں موجود تھے۔ اراکین اسمبلی بسوںمیں سیلفیاں لیتے رہے اور ویڈیوز بناتے رہے جبکہ اس دوران امپورٹڈ حکومت نا منظور، عمران تیرے جانثار بے شمار بے شمار، وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے نعرے بھی لگائے جاتے رہے۔