اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی کو ہاوس میں بلوانے کے لیے گھنٹیاں بجانا شروع کردی گئیں ،تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی بروقت ایوان میں پہنچ گئے۔تحریک انصاف کے مطابق 186اراکین پنجاب اسمبلی میں موجود ہیں جبکہ اس حوالے سے رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 175اراکین اسمبلی ہال میں آئے ہیں ۔
ایوان میں موجود اراکین کا تعلق تحریک انصاف اور ق لیگ سے ہے۔قبل ازیں مقامی ہوٹل میں قیام پذیر تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق) کے اراکین اسمبلی پانچ لگڑری بسوں میں سوار ہو کر ہوٹل سے پنجاب اسمبلی پہنچے ۔ حکمت عملی کے تحت ہوٹل میں حاضری مکمل کرنے کے بعد پہلے دو بسوں کے ذریعے اراکین کو پنجاب اسمبلی کیلئے روانہ کئے گئے جس کے کچھ وقفے کے بعد باقی اراکین کی حاضری مکمل کی گئی اور انہیں بھی تین بسوں میں سوار کر کے پنجاب اسمبلی کی جانب روانہ کیا گیا ۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بھی اراکین اسمبلی کے ہمراہ بسوں میں موجود تھے۔ اراکین اسمبلی بسوںمیں سیلفیاں لیتے رہے اور ویڈیوز بناتے رہے جبکہ اس دوران امپورٹڈ حکومت نا منظور، عمران تیرے جانثار بے شمار بے شمار، وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے نعرے بھی لگائے جاتے رہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی وجہ سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر موجود رہ کر پارٹی کے مرکزی رہنمائوں سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہی حاصل کرتے رہے ، تحریک انصاف کی مرکزی قیادت بھی لاہور میں موجود رہی اور ان کے درمیان مشاورت کے کئی دور ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان دوسرے روز بھی لاہور میں اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں موجود رہے
جہاں ان سے بعض پارٹی رہنمائوں نے بھی ملاقات کر کے مشاورت کی ۔ ہوٹل میں موجود مرکزی رہنما بھی پارٹی چیئرمین سے مسلسل رابطے میں رہے اور انہیں ہرلمحے کی صورتحال سے آگاہ کرتے رہے ۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بھی لاہور میں موجود ہے اور ان کے درمیان مشاورت کے کئی دور ہوئے ۔
لاہور میں موجود رہنے والے رہنمائوں میںشاہ محمود قریشی، اسد عمر، علی امین گنڈا پور،عمر ایوب خان، بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ ، عامر ڈوگر سمیت دیگر شامل ہیں۔