لاہور/گجرات( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہورسمیت مختلف شہروں میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،لاہور اور گجرات میں مکان کی چھتیںگرنے سے دو بچیوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے، بارش سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور گھنٹوں بجلی بند رہی ۔
موسلا دھار بارش سے کئی علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ، شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں جس سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف علاقوںمیں آخری پہر بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو مسلسل کئی گھنٹے تک جاری رہا ۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7 گھنٹے کی مسلسل بارش نے20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش سے لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور ان میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا جس سے گلیاں محلے تالاب کا منظر پیش کرتے رہے۔ کئی علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ۔مختلف شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہورتی رہیں ،ٹریفک سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اپنے دفاتر اور کاروبار پرپہنچنے میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
دوسری جانب شدید بارش سے لیسکو سمیت دیگر تقسیم کار کمپنیوں کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ۔ درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی تاہم بارش کا سلسلہ رکتے ہوئے تقسیم کار کمپنیوں کے فیلڈ سٹاف نے بجلی کی بحالی کے لئے کاوشیں شروع کر دیں اور مرحلہ وار بجلی بحال کی جاتی رہی ۔
وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور سمیت متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم دیا دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، واسا اور متعلقہ ادارے الرٹ رہیںمتعلقہ حکام فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
نکاسی آب کے کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے، منتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے کام کو مانیٹر کریں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گجرات ڈنگہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے میاں بیوی سمیت 8 افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے کے نیچے آکر 2 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق میاں بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ عائشہ اور 14 سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔لاہور میں سلامت پورہ کے علاقہ عید گاہ کے قریب شدید بارش سے گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ شدید بارش میں ٹی آر کی بنی ہوئی چھت زمین ہو گئی ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ۔ ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔