لاہور( این این آئی )تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کی اکثریت عمران خان اور ان کے نامزد امیدوار پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑی ہے، عوام نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔پنجاب اسمبلی میں پاکستان
تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق)کی پارلیمانی پارٹی کا اہم مشترکہ اجلاس نجی ہوٹل میں منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔اجلاس سے قبل مخدوم محمود قریشی اور سپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی جبکہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، میاں محمود الرشید اور میاں اسلم اقبال ملاقات میں موجود تھے۔ دیگر اراکین میں ساجد احمد خان بھٹی، مراد راس، وسیم بادوزئی، حافظ عمار یاسر اور محسن لغاری شامل ہیں۔نو منتخب اراکین اسمبلی زین قریشی، عامر اقبال شاہ، سیف الدین کھوسہ، میجر (ر)غلام سرور، اور شبیر گجر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے نمبرز گیم سے متعلق پی ٹی آئی قیادت کو اعتماد میں لیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ الحمد اللہ پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کے پاس اکثریت ہے، ارکان اسمبلی کو اغوا ء یاہراساں کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ اعلی عدلیہ کے پاس لے کرگئے ہیں۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام نے فیصلہ عمران خان کے حق میں سنایا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان کی اکثریت عمران خان اور ان کے نامزد امیدوار پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑی ہے۔