کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے ایک اعلی سطحی وفدنے رکن رابطہ کمیٹی خواجہ اظہار الحسن ودیگر سے ملاقات کی۔وفد میں مسلم لیگ ن سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ،سینئر نائب صدر علی اکبر گجرودیگر شامل تھے۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ
ہم پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد کی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز آکر این اے 245کے ضمنی انتخاب میںایم کیو ایم پاکستان کے نامزد امید وار معید انور کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مسلم لیگ ن کے ساتھ وفاقی سطح پر اتحاداورمعاہدہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ اتحاد مزید آگے بھی قائم رہے اور ساتھ ہی ساتھ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں بھی مشاورت جاری رہے گی۔شاہ محمد شاہ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم آج ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پر نہیں آئے بلکہ ہم اپنے گھر پر آئے ہیں ایم کیو ایم پاکستان سندھ کی ایک حقیقت ہے جس کو ہم سب تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم یہاں مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر تشریف لائے ہیں اور ہم مسلم لیگ ن کی جانب سے این اے 245کے ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار معیدانور کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں نہ صرف حمایت کا اعلان بلکہ مسلم لیگ ن کے تمام کارکنان کو یہ ہدایت کرتے ہیں کہ این اے 245کے ضمنی الیکشن میں بھر پور انداز میں کام کریں اور الیکشن کے دن ووٹرزکو گھروں سے نکال کر پتنگ کے نشان پر ایسے مہر لگاوائیں جیسے شیر کے نشان پر لگاتے
ہیںاورہم نے الیکشن میں کام کرنے کیلئے مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر ودیگر کے ساتھ ایک ورکنگ ٹیم بھی تشکیل دی ہے جس کو ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے فرقان اطیب ودیگر بھی دیکھیں گے ۔
این اے 245کے نامزد امید وار معید انور نے مسلم لیگ ن کے وفد کی حمایت پر شکریہ اداکیا اور الیکشن جیتنے کے بعد ساتھ ملکر عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس مو قع پر اراکین رابطہ کمیٹی ارشاد ظفیرسی او سی انچارج فرقان اطیب اورحق پرست ایم این اے اسامہ قادری بھی موجود تھے۔