گال (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)گال ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستانی بائولرز کی تباہ کن بائولنگ ، پوری سری لنکن ٹیم کوتیسرے سیشن میں 222رنز پر آئوٹ کردیا، شاہین شاہ آفریدی نے 4،حسن علی اور یاسر شاہ نے 2، 2، نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل نے 76رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹاپ بلے باز رہے ، اس کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز پاکستانی بائولنگ کا سامنا نہ کرسکا، اور پوری ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی سلمان علی آغا نے ڈیبیوکیا ۔سلمان علی آغا نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف سے ٹیسٹ کیپ حاصل کی، کرکٹر کو مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ۔محمد یوسف بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ٹیم مینجمنٹ میں شامل ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 9 بجے گال میں شروع ہوا۔گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون کا اعلان بھی کیا گیا۔یاسر شاہ اور محمد نواز بھی پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی فائنل الیون کا حصہ ہیں، گال ٹیسٹ میں بابر اعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، اظہر علی فائنل الیون میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ،حسن علی، امام الحق اور نسیم شاہ بھی حتمی ٹیم کا حصہ ہیں۔