اسلام آباد(آن لائن، این این آئی)ٹی این ایف جے نے پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ حکومت نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں کا راستہ روکے گی۔،
تفصیل کے مطابق مسلم لیگ کے مرکزی رہنما وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور ذیشان نقوی نے جامعہ المرتضی کادورہ کیا اور اور ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل کے چیئر مین ذوالفقار علی راجہ علامہ بشارت امامی علامہ محسن علی ہمدانی سے سیاسی امور اور ضمنی الیکشن پر گفتگو کی، بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے موقف کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں تمام مکاتب کو آئینی حقوق کی فراہمی احسان نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا اور ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی،نصاب تعلیم پر اعتراضات کو دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا کچھ بوجھ وفاقی حکومت اور کچھ صاحب استطاعت لوگوں کو اٹھانا پڑے گاغریب کو ریلیف فراہم کرنا ہے گیس کے بل کی مد میں ہم نے فیصلہ کیا کہ پچاس فیصد غریب لوگوں کو ریلف فراہم کیا جائے۔ ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل کے چیئرمین ذوالفقار علی راجہ نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کا یہ دیرینہ موقف رہا ہے کہ فرقہ زبان مسلک صوبہ اور کسی بھی عصبیت کی بنیاد پر امیدوار کھڑاکرنا یا ووٹ مانگنا ملک کیلئے زہر قاتل ہے اسی مقصد کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے ہمیشہ الیکشن میں
قومی سوچ رکھنے والی جماعتوں کی حمایت کی اور آج بھی اسی پر کاربند ہے۔ وزیر اعظم پاکستا ن میان شہباز شریف کی جانب سے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سے انتخابی تعاون کی اپیل اور مسلم لیگ (ن) کے ذمہ داران سے گفت و شنید کے بعد یہ طے پایا ہے کہ تمام مکاتب و مسالک کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہاہے کہ پاکستان
مسلم لیگ اور اسلامی تحریک پاکستان کے درمیان مفاہمت طے پاگئی،اسلامی تحریک پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی ضمنی انتخابات میں حمایت کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہاکہ پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ضمنی انتخابات ہورہے ہیں،حمایت پر پاکستان اسلامی تحریک کے شکر گزار ہیں،اس مفاہمت سے اتحادی حکومت کو عوام کی خدمت کا مزید موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ سب جماعتوں کو ساتھ
لے کر چل رہے ہیں،توقع ہے یہ تعاون 2023ء میں بھی جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کوشش ہے کہ مفاہمت کی فضاء کو آگے بڑھائیں،عام انتخابات کیلئے مستقبل کے تعاون پر بات چیت جاری ہے۔علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میسوی نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے تمام 20 حلقوں میں امیدواروں کی حمایت کرتے ہیں،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے امور پر بات چیت کے بعد مفاہمت ہوئی،یہ فیصلہ قوم اور ملت کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے،۔