اٹک(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی) اینکرپرسن عمران ریاض کواٹک میں مقدمے سے رہائی کے بعد چکوال پولیس نے گرفتارکرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹک کی عدالت نے اینکرپرسن عمران ریاض کو مقدمے میں رہا کردیا تاہم رہائی کے بعد انہیں کمرہ عدالت سے باہر موجود چکوال پولیس نے گرفتارکرلیا۔پولیس عمران ریاض کو لے کرچکوال روانہ ہوگئی۔اس سے قبل اٹک کی مقامی عدالت نے اینکر عمران ریاض کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔اٹک کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینکر عمران ریاض کے کیس سے متعلق رات کو ہونے والی سماعت پر محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا۔عدالت نے عمران ریاض کو کیس سے ڈسچارج کرنیکا 8 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ اینکر عمران ریاض کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں تو انہیں رہاکیاجائے۔اٹک پولیس نے اینکر عمران ریاض کوگرفتارکر کے 3 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ، گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران ریاض کی گرفتاری سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے ان کے وکیل کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔



















































