ریاض(این این آئی)پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے سعودی عرب میں ایمانداری کی مثال قائم کردی، مسافر کی ٹیکسی میں بھولی رقم لے کر ٹیکسی ڈرائیور پاکستان حج مشن مکہ پہنچ گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان حج مشن نے کہاکہ پاکستانی عازم حج بہادر علی 4 ہزار سعودی ریال، 41 ہزار پاکستانی روپے ٹیکسی میں بھول گیا تھا، ٹیکسی ڈرائیور علی حسن گجر رقم لے کر پاکستان حج
مشن مکہ پہنچ گیا۔ڈائریکٹر معاونین ڈی آئی جی ڈاکٹر محمد اختر عباس نے پاکستانی عازم کو تلاش کروایا، ڈاکٹر اختر عباس نے حاجی کی بلڈنگ میں جا کر اپنی نگرانی میں رقم واپس کروائی۔ ڈاکٹر محمد اختر عباس نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری سے ہمارے سر فخر سے بلند کردیے۔ترجمان حج مشن کا کہنا تھا کہ رقم واپس ملنے پر حاجی نے پاکستانی حج مشن اور ٹیکسی ڈرائیور کو خراجِ تحسین پیش کیا۔دوسری جانب دس لاکھ حجاج کرام حج سیزن 2022 کے لیے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ ان تیاریوں میں مختلف شعبوں نے حصہ لیا ہے اب جبکہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز ہونے جا رہا ہے اس سے پہلے ہی سب شعبوں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ مملکت سعودیہ کی سعادت ہے کہ اسے حجاج کی خدمت کا موقع میسر ہے۔ گذشتہ روز وزارت حج نے اعلان کیا کہ حج سیزن کی تیاریاں الحمد للہ مکمل کر لی گئی ہیں۔دریں اثنا حج سکیورٹی فورس کی کمانڈ نے بھی تمام تر سکیورٹی انتظامات کے لیے اپنی تیاریاں مکمل ہونے کی اطلاع دی تاکہ حج 2022 کو مکمل طور پر مامون اور محفوظ انداز میں ممکن بنا سکے۔
شعبہ صحت بھی چار ہسپتالوں اور 26 طبی مراکز کے ذریعے منی میں طبی سہولیات کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔ ان طبی ضروریات کے لیے 550 بستروں کا اہتمام کیا گیا ہے اور طبی مقاصد کے لیے ٹرانسپورٹ سروس کے طور پر 100 چھوٹی اور 75 بڑی ایمبولیسز اپنی خدمات دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
جبکہ ایمبولینسز کے لیے 97 مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ جو سعودی ریڈ کریسنٹ کے ساتھ منسلک ہیں۔ سعودی ہلال احمر اتھارٹی کے پاس چھ ائیر ایمبولینسز سمیت 320 ایمبولینسز کا بیڑہ اس کے علاوہ ہے۔ علاوہ ازیں موٹر سائیکل ایمبولینسز اور چار چھکڑے بھی شامل ہیں۔ مزید یہ کہ چار طبی سامان کی ترسیل کے لیے گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں اور1288 افراد پر مبنی میڈیکل سٹاف ہے۔
نیشنل واٹر کمپنی نے پانی کی سپلائی اور سٹوریج کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔ دو اعشاریہ چار کیوبک ملین کیوبک پانی اس کی طرف سے حجاج کی ضرورتوں کے لیے دستیاب کیا جائے گا۔اسی طرح سعودی الیکٹرک کمپنی نے مکہ میں اپنی خدمات میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔
برقی شعبے نے حج کے سلسلے میں 46 نئے پروجیکٹ مکمل کیے ہیں۔ تاکہ بلا تعطل برقی نظام کام کرتا رہے ۔سعودی سکاوٹس نے حجاج کی خدمت ، مدد ، نظم اور تحفظ کے لیے 2200 سکاوٹس کی نفری پیش کی ہے۔ یہ سکاوٹس منی میں حجاج کی خدمت کے لیے تعینات ہیں۔ سکاوٹس حکومت کے متعلقہ اداروں اور شعبوں کوبھی بوقت ضرورت مدد دیں گے۔



















































