کراچی(این این آئی)کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے لگا،سوشل میڈیا صارفین نے میمز کی بھرمار کرکے اسے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل کرلیا ہے۔لوڈ شیڈنگ کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے اب تک صارفین 22 ہزار سے زیادہ ٹوئٹس کرچکے ہیں جن میں بے شمار میمز بھی ہیں۔پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 500 میگا واٹ سے تجاوز کرگیا ہے جس کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے، ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 700 میگاواٹ ہے ،طلب 29 ہزار سے زائد ہے۔کراچی میں موسم گرم ہونے کے باعث بجلی کا شارٹ فال 250 سے 300 میگا واٹ سے بڑھ کر 400 سے 500 میگا واٹ تک جا پہنچا ہے۔