اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نئے آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پرملک بھر میں بحث ہو رہی ہے۔ جب سے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے واضح کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے، تب سے
اس بحث میں شدت آئی ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے بعد کون آرمی چیف بنے گا۔بھارتی ویب سائٹ’دی پرنٹ‘ کے مطابق نئے آرمی چیف کے طور پر چار نام سامنے ہیں، جن میں سے کوئی ایک جنرل قمر جاوید باجوہ کا جانشین بنے گا۔ یہ چار لوگ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود راجا اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید شامل ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ چاروں آفیسرز 2019ءمیں میجر جنرل کے عہدے سے ترقی پا کر لیفٹیننٹ جنرل بنے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کے بعد پاک فوج کے سب سے سنیئر افسر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا ہیں۔ ان کے بعد لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس دوسرے، لیفٹیننٹ جنرل نعمان مسعود راجا تیسرے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید چوتھے نمبر پر سنیئر موسٹ آفیسر ہیں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی سنیارٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ انہیں چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی میں سے ایک عہدے پر فائز کیا جائے گا۔