لاہور(مانیٹرنگ، این این آئی) پنجاب حکومت نے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن ندیم سرور کو او ایس ڈی بنا دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری قانون احمد رضا سرور کو سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں گریڈ19کے پولیس افسر ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز کو سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے،تقرری کی منتظرگریڈ 18کی افسر ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کو ایس ایس پی آپریشنزلاہوراور گریڈ18کے ایس پی انوسٹی گیشن بہاولنگر فاروق احمدانورکو سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ اس سے قبل انوش مسعود لاہور کی کنٹونمنٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں ایس پی کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکی ہیں، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر انوش مسعود 26 ستمبر 2019 سے پنجاب، پاکستان کی ایلیٹ پولیس کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر، انتظامیہ کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔انوش مسعود کو 2018 میں لاہور کی بہترین کرائم فائٹر کا نام دیا گیا تھا۔انوش مسعود 11 دسمبر 2014 کو خیبر پختونخوا سے پہلی خاتون اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس بنیں۔انوش مسعود نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کی اور طب میں سونے کا تمغہ جیتا۔ ڈاکٹر انوش مسعود نے ایک سال تک میو ہسپتال میں ملازمت کی۔ 2008 میں، وہ ڈرمیٹولوجی کی سارک بین الاقوامی کانفرنس میں سب سے کم عمرشرکاء میں شامل تھیں۔ وہ خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون اے ایس پی بنیں۔