کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لانگ مارچ میں بشری بی بی کے شرکت نہ کرنے پر عفت عمر نے سوال اٹھا دیا ہے۔اداکارہ عفت عمر نے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے لانگ مارچ میں بشری بی بی کے شرکت نہ کرنے سے متعلق جاری کیے گئے
بیان پر سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا ہے۔عفت عمر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں وہ دھرنے میں شریک نہیں ہوں گی، مطلب جو شریک ہوں گی وہ گھریلو خواتین نہیں؟۔دوسری جانب معروف پاکستانی اداکارہ عفت عمر نے عمران خان کے فالوورز پر مریم نواز کے بارے میں دیے گئے بیان پر اپنے لیڈر کی حمایت کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔عفت عمر نے کہا کہ وہ عمران خان کے مریم نواز کے بارے میں دیے گئے بیان پر بالکل بھی سرپرائز نہیں ہوئیں لیکن انہیں غصہ بہت ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر دفعہ عمران خان کے بارے میں یہی سوچتی ہیں کہ عمران خان اب اس سے زیادہ اور کونسی گھٹیا بات کرسکتے ہیں لیکن وہ کبھی ہمیں سرپرائز دینا بند نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ اب اور کیا ہونا ہے کہ آپ اپنے مخالف کے بارے میں جوکہ ایک عورت ہے، ایک لیڈر ہے، اس طرح کا بیان دیں۔عفت عمر نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ دکھ عوام کا ردِعمل دیکھ کر ہوا، اور اگر عمران خان کو فالو کرنے والی خواتین اس بیان کے لیے بھی جواز پیش کررہی ہیں تو پھر یہ صورتحال ہمارے معاشرے کو بہت خطرناک طریقے سے بگاڑ رہی ہے اور انہیں یہ سب دیکھ کر بہت ڈر لگ رہا ہے۔