اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی ) تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بند کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق میٹروبس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پربندکی گئی، میٹرو بس سروس ممکنہ طور پر 26 تاریخ تک بند رہےگی۔
نجی ٹی وی جیو کے ذرائع کا کہنا ہےکہ میٹرو سروس کی مزید بندش کا فیصلہ حالات دیکھ کرکیا جائےگا۔ لانگ مارچ کے پیش نظر انتظامیہ نے فیض آباد انٹرچینج کو سِیل کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری فیض آباد تعینات کردی گئی ہے، آج رات سے فیض آباد مکمل سِیل کردیا جائےگا۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ بے گناہ پولیس اہلکار کی شہادت ثبوت ہے کہ عمران خان دہشتگرد ہے ،پولیس اہلکار کمال احمد کا قاتل عمران خان، شیخ رشید اور اس کے حواری ہیں،خونی مارچ ہوگا کے اعلانانات کرنے والوں سے حساب لیں گے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پولیس پر فائرنگ سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ یہ سیاسی سرگرمی نہیں،فائرنگ ثبوت ہے کہ یہ پرامن مارچ چاہتے ہی نہیں تھے ،گالیاں برسانے والوں نے گولیاں برسانا شروع کردی ہیں، قانون کو ہاتھ میں لیاگیا ہے، قانون جواب لے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مارچ کی آڑ میں ملک میں خانہ جنگی کی سازش کررہے ہیں ،پولیس اہلکار کمال احمد کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے ،ملک میں خانہ جنگی، افراتفری ، فساد اور انتشار کو قانون کے راستے سے روکیں گے ،شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہداء پیکج دیں گے ،شہید اہلکار کے اہل خانہ کی کفالت اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری حکومت لے گی ،عوام کے جان ومال کی حفاظت کا فرض پورا کریں گے ،
شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں پولیس اہلکار کمال احمد پر فائرنگ کرکے سرخ لکیر پار کی گئی،
میڈیا سیاسی سرگرمیوں کی کوریج کرے تاہم شرپسندی، تشدد اور دہشت پھیلانے کی سرگرمیوں کی بائیکاٹ کرے، وزیراعظم شہبازشریف معیشت اور عوام کی حفاظت کرنے کے دوٹوک ارادے کا اظہار کرچکے ہیں، پاکستان کی معیشت اور عوام کو بچانے کے لئے ریڈلائن لگانے کا وقت آگیا ہے،
معیشت کی بحالی اور عوام کے ریلیف کے راستے میں سرخ لکیر کھینچ دی ہے، کسی کو عبور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کو بچانے کی جنگ میں کامیابی کیلئے سیاسی استحکام بنیادی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہ کرکے جانے والوں کو مزید تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوںنے کہاکہ معیشت اور عوام کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معیشت جب بھی ٹیک آف کرنے لگتی ہے،
عمران صاحب کی شرپسندی اس کے راستے کی رکاوٹ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک آیا، عظیم دوست صدر شی جن پنگ نے پاکستان آنے کا اعلان کیا تو دھرنے کا اعلان ہوگیا تھا،پاکستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف دینے کا آغاز کیا ہے، کوئی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوںنے کہاکہ معیشت اور عوام کا ریلیف ایک نکاتی ایجنڈا ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ اس پر حملہ برداشت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام کو بھی فیصلہ کرنا ہے کہ چور اور فسادی ٹولے کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا ملک کی تعمیر کے ساتھ، عوام کی ترجیح تعمیر،
ترقی اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِن شرپسندوں اور فسادیوں سے عوام کو بچانے کے لئے ہر اقدام کیا جا رہا ہے، ملک میں معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور روزگار کی بحالی کی راہ میں سازش حائل نہیں ہونے دیں گے۔