اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ سے قبل کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس نے علامہ اقبال کی بہو اور پوتے کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں علامہ اقبال کی بہو
جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال اور ان کے پوتے سینیٹر ولید اقبال کی رہائش گاہوں پر بھی پولیس نے چھاپے مارے۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق آزادی مارچ کو ناکام بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے پولیس سینیٹر اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، مسرت جمشید چیمہ، اور مراد راس کے گھروں پر بھی پہنچی، سیالکوٹ میں عثمان ڈار کے گھر پر پولیس کا چھاپا پڑا۔اسلام آباد میں اسد عمر اور بابر اعوان کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے، شیخ رشید کے گھر لال حویلی پر بھی پولیس نے چھاپا مارا، درجنوں اہل کار لال حویلی میں داخل ہو گئے، شیخ رشید نے ویڈیو پیغام میں کہا میں گھبرانے والا نہیں، 25 مئی کو اسلام آباد پہنچوں گا۔راجہ بشارت کے گھر دھمیال ہاؤس پر بھی پولیس نے چھاپا مارا اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی، لاہور ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے پولیس اہل کار جاں بحق ہوا، فائرنگ کے الزام میں باپ بیٹے کو گرفتار کیا گیا۔دوسری جانب راجہ بشارت نے کہا کہ رات ڈیڑھ بجے گھر چھاپہ مارناایک انتہائی گھٹیا حرکت ہے، یہ ہتھکنڈے حقیقی آزادی مارچ کومتاثر نہیں کر سکتے، قوم نے 25 مارچ کو عمران خان کے ساتھ نکلنا ہے۔پی ٹی آئی میڈیا سیل کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی یوتھ رہنما حافظ تنویر کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، تاہم حافظ تنویر گھر پر موجود نہیں تھے جس کے بعد پولیس واپس چلی گئی۔سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا مگر وہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے،
پولیس گھر کی تلاشی لے کر واپس روانہ ہوگئی۔رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل نے بتایا کہ میرے گھرپر 15 پولیس اہلکاروں نے چھاپہ مارا، گھر میں موجود خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی ۔سعدیہ سہیل کاکہنا تھا کہ پولیس والوں نے کوئی وارنٹ نہیں دکھائے،
گھر کی تلاشی لی اورجاتے ہوئے اہلکار میری سرکاری گاڑی بھی لے گئے۔سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما تحریک انصاف طارق محمود الحسن کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیامگر وہ گھر پر موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار نہ کیا جاسکا۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن ملک اشتیاق کے گھر لاہور میں پولیس نے چھاپہ مارا مگر وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔لاہور پولیس نے رہنما تحریک انصاف یاسر گیلانی کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا ، اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے گھر کا گیٹ توڑنے کی کوشش کی
اور گھر میں موجود بچوں اور خواتین کو ہراساں کیا۔چونگی امر سدھو میں پی ٹی آئی رہنما مہر نعیم اللہ تاج کے گھرپر بھی چھاپہ مارا گیا ہے، نعیم اللہ تاج نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے اہل خانہ سے بدتمیزی کی اور ملازمین کو زدوکوب کیا۔پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات فرخ جاویدمون کے
گھر پربھی پولیس پہنچ گئی تاہم فرخ جاوید گھر کے پچھلے دروازے سے باہر نکل گئے۔پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق پولیس نے سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے گھر پولیس نے چھاپہ مار کر ان کے بھائی افضل اقبال کو حراست میں لے لیا۔
میاں اسلم اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے میرے بھائی کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پولیس نے دیواریں پھلانگ کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے۔
ساندہ سے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما ملک محمد ظہیر کے اہل خانہ کاکہنا ہے کہ محمد ظہیر کو چھاپے کے دوران گرفتار کرلیا گیا ہے، ملک محمد ظہیر کو ساندہ میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ۔اپرمال سے تحریک انصاف کے کارکن متیب اور خالق کو بھی گرفتار کرلیاگیا۔